21 جولائی 2026 - 17:47
شیخ نعیم قاسم کا خلیل الحیہ کے نام پیغام؛ سید حسن نصر اللہ شہید سے کیے گئے عہد پر قائم ہیں، مزاحمت کا راستہ جاری رہے گا

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ منتخب ہونے پر خلیل الحیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ، سید حسن نصر اللہ شہید سے کیے گئے عہد پر ثابت قدم ہے اور امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے افکار کی روشنی میں مزاحمت کا راستہ جاری رکھے گی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیخ نعیم قاسم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ خلیل الحیہ کا ایسے حساس حالات میں حماس کے سیاسی دفتر کا سربراہ منتخب ہونا، جب فلسطینی عوام، غزہ اور پورا خطہ صہیونی رژیم اور امریکہ کی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، استقامت، ثابت قدمی اور آزادیٔ قدس و فلسطین کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے خلیل الحیہ کی جدوجہد اور مزاحمتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ حماس کے شہید رہنماؤں، جن میں شیخ احمد یاسین، اسماعیل ہنیہ، یحییٰ السنوار اور دیگر شہداء شامل ہیں، کے راستے کے امین اور تسلسل ہیں۔ انہوں نے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے درمیان اتحاد اور فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کو کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے پیغام میں نئی قیادت کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اور اسلامی مزاحمت فلسطینی سرزمین کی آزادی اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول تک حماس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ حزب اللہ، سید حسن نصر اللہ شہید اور دیگر شہدائے مزاحمت کے ساتھ کیے گئے عہد پر آج بھی قائم ہے اور امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے افکار و تعلیمات کی روشنی میں مزاحمت کا سفر جاری رکھے گی۔

انہوں نے غزہ میں جاری جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے تین سال گزرنے کے باوجود صہیونی رژیم اور امریکہ اپنے اعلان کردہ اہداف، جن میں مزاحمت کا خاتمہ اور اسے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا شامل تھا، حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس جنگ نے فلسطینی عوام کو بے پناہ جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے، تاہم اس نے فلسطینی مزاحمت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے سورۂ غافر کی آیت 51 کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ جدوجہد بالآخر فلسطین کی آزادی اور مزاحمت کی کامیابی پر منتج ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha